21 ستمبر: پی ٹی آئی لاہور جلسے کی تیاریاں کون کروا رہا ہے؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف 8 ستمبر کو اسلام آباد میں پاور شو کرنے کے بعد اب 21 ستمبر کو لاہور میں ایک بڑا جلسہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ لاہور کی تنظیم اس حوالے سے خوب سرگرم ہے۔ پنجاب پولیس کی طرف سے پی ٹی آئی کے سینئیر رہنماؤں کے گھروں میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔ لاہور تنظیم کے مطابق پولیس نے رات گئے سلمان اکرم راجا اور عالیہ حمزہ کے گھر پر چھاپہ مارا۔ امتیاز علی وڑائچ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پولیس کی جانب سے پکڑ دھکڑ جاری ہے، اس ساری صورتحال کے باوجود لاہور کی تنظیم لوگوں کے گھر گھر جاکر انہیں جلسے میں آنے کی دعوت دے رہی ہے۔ اکیس ستمبر جلسے کے پمفلٹ پورے پنجاب میں تقسیم کیے جائیں جارہے ہیں۔ ان پمفلٹس پر کچھ نعرے اور کچھ حقائق بیان کیے گئے ہیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق میاں اسلم اقبال لاہور جلسے کی تیاریوں کو دیکھ رہے ہیں ،کیوں کہ اس وقت لاہور کے صدر اور سیکریٹری میاں اسلم گروپ کے ہیں۔ حماد گروپ کو مکمل نظر انداز کیا گیا ہے۔ لاہور تنظیم براہ راست میاں اسلم اقبال سے ڈکیٹیشن لے رہی ہے۔
لاہور جلسہ کے حوالے سے 27 رکنی کمیٹی لاہور تنظیم نے بنائی ہے جس کے سربراہ علی امتیاز وڑائچ ہیں۔ اس کمیٹی میں حماد اظہر حامی گروپ کے جو لوگ تھے انہیں نکال دیا گیا ہے۔ اصغر گجر جو پہلے لاہور کے صدر تھے انہیں اس کمیٹی میں شامل نہیں کیا گیا۔ اسطرح حافظ ذیشان ایم پی اے فرخ جاوید مون کو بھی نظر انداز کیا گیا ہے۔ جلسہ کروانے کے لیے ڈونیشن بھی مختلف رہنماؤں سے لیا جارہا ہے۔ حماد اظہر اور گروپ کی جانب سے جلسہ ڈونیشن کے حوالے سے بھی کچھ نہیں دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق لاہور تنظیم نے گلی، محلوں، چوک چوراہوں پر کارکنوں اور ورکرز کو کارنر میٹنگز کرنے سے روک رکھا ہے، لیکن آنے والے بلدیاتی الیکشن میں ہر کونسلر اور چیئرمین سیٹ کے ٹکٹ ہولڈرز کو کم ازکم 20 افراد کو ساتھ لانے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔ 20 افراد ساتھ نہ لانے پر پارٹی ایکشن لے گی۔ ذرائع کے مطابق اس دفعہ یہ طے کیا گیا ہے اگر بلدیاتی الیکشن ہوئے تو اس میں ٹکٹ ان لوگوں کو ملیں گے جنہوں نے پارٹی ٹاسک کو پورا کیا۔
سیکریٹری اطلاعات لاہور عائشہ بھٹہ کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے جلسہ کرنے کی اجازت نہ بھی ملی تب بھی جلسہ ہوگا، لیکن ہمیں امید ہے کہ جلسے کی اجازات دی جائے گی۔ اگر جلسے کی اجازت کالا شاہ کاکو میں بھی ملی تو تحریک انصاف وہاں پر بھی جلسہ 21 ستمبر کو کرنے کو تیار ہے۔ عمران خان کی طرف سے ہدایت ہے کہ لاہور کا جلسہ ضرور کریں لیکن کسی مزاحمت کے بغیر۔ سیکریٹری اطلاعات لاہور کے مطابق میاں اسلم کے بھائی اس جلسے کی تیاریوں کے حوالے سے لاہور تنظیم کے ساتھ ملکر کام کر رہے ہیں۔ حماد اظہر چونکہ روپوش ہیں اور ان کے والد ایم این اے میاں اظہر بزرگ ہیں جتنا ان سے ہو سکتا ہے وہ جلسے کی تیاریوں کے حوالے سے اپنی خدمات دے رہے ہیں۔