پی ٹی آئی کا لاہور جلسہ روکنے کے لیے ہائیکورٹ میں درخواست دائر


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پی ٹی آئی کا لاہور میں جلسہ روکنے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔
درخواست مرزا وحید رفیق نے ایڈوکیٹ ندیم سرور کی وساطت سے دائر کی ۔ درخواست میں ڈپٹی کمشنر لاہور، پی ٹی آئی سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پی ٹی آئی لاہور میں جلسے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں متعدد درخواستیں دائر کرچکی ہے لیکن لاہور دہشت گردی کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر جلسے کی اجازت نہیں دے رہے۔
درخواست گزار نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دیگر حالیہ جلسوں میں نفرت انگیز تقاریر کی جاتی ہیں اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی تقریر ریکارڈ پر ہے۔
عدالت سے استدعا کی گئی کہ پی ٹی آئی کا لاہور میں جلسہ روکنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔