نگراں حکومت میں بھرتی 1800 ملازمین کو نوکریوں سے نکالنے کا اعلان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے نگراں حکومت میں بھرتی 1800 ملازمین کو نوکریوں سے نکالنے کا اعلان کر دیا۔
خیبر پختونخوا میں نگراں حکومت دور کی بھرتیوں کا کھاتہ کھل گیا، وزیراعلی علی امین گنڈا پور کی جانب سے 1800 ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ ملازمین کا احتجاج برداشت کرنے کو تیار ہوں، نگراں حکومت میں بھرتی ہونے والے غیرقانونی لوگوں کو تنخواہیں نہیں دوں گا، میرٹ اور باقاعدہ طریقہ کار کے تحت بھرتی افراد کو کچھ نہیں کہوں گا۔
علی امین گنڈا پور کا مزید کہنا تھا کہ نگرا حکومت کے پاس 1800 بندے بھرتی کرنے کا اختیار ہی نہیں تھا، نگران حکومت میں وظائف مقرر کر کے باقاعدہ سیاسی جماعتوں کو کوٹے دیے تھے۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ نگران حکومت میں وزراء کی بندر بانٹ ہوئی، تین تمہارے، چار میرے اور پانچ اس کے، انہوں نے قانون کی خلاف ورزی کر کے لوگوں کو بھرتی کیا، انہیں تنخواہیں دینے کیلئے یہاں نہیں بیٹھا۔