پیپلز پارٹی چاہتی ہے جو بھی آئینی ترامیم ہوں سب سیاسی جماعتوں کیساتھ مل کر ہوں، شرجیل میمن
کراچی(قدرت روزنامہ)وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی آئین کی خالق ہےاور پیپلز پارٹی چاہ رہی ہے کہ جتنی بھی ترامیم ہوں وہ سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر ہوں۔
یہ بات انہوں نے اسمبلی میڈیا کارنر پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں عرصہ دراز سے غیرقانونی بس اڈے تھے، محکمہ ٹرانسپورٹ نے کہا سارے ہیوی ٹریفک کو شہر سے باہر منتقل کریں جس کے لیے فری شٹل سروس دی، بس اڈوں کو شہر سے باہر منتقل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ایکسائز نے نمبر پلیٹس کا آکشن کیا، اس سے 67 کروڑ روپے جمع ہوئے، بارہ اکتوبر کو ایک اور آکشن کیا جائے گا، اس کے پیسے بھی سیلاب متاثرین کے لیے خرچ ہوں گے، پاکستان کی تاریخ کا پہلا آن لائن آکشن بھی شروع کیا جا رہا ہے، سوک سینٹر میں بھی رش کم ہوتا جارہا ہے، عوام کی لیے جتنے بھی سہولیات ہیں وہ انہیں گھر پر ملنی چاہئیں۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ آئین سازی اور قانون سازی پارلیمنٹ کا کام ہے آئینی ترامیم پارلیمنٹ کا اختیار ہے پیپلز پارٹی آئین کی خالق ہےاور پیپلز پارٹی چاہ رہی ہے کہ جتنی بھی ترامیم ہوں وہ سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر ہوں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پاس وفاقی حکومت اور سینیٹ میں نمبرز پورے نہیں تھے، شور شرابہ کیا جاتا تھا، انہوں نے لڑائی اور بدمعاشی کے ذریعی حکومت کی جس طرح سے سینیٹ کے الیکشن ہوئے یہ عوام کو بے وقوف بناتے تھے، بندوق کے زور پر حکومت کی گئی،اب کسی کو قائل کرنے کی بات کی جا رہی ہے وہ بھی بندوق کے زور پر نہیں دلائل کے ذریعے کی جارہی ہے۔