وہ فلم جس نے سلمان خان کا کیریئر تباہ ہونے سے بچا لیا


لاہور (قدرت روزنامہ)بالی وڈ کے سپر اسٹار اور فلم انڈسٹری میں بھائی جان کے نام سے مشہور سلمان خان 3 دہائیوں سے زائد عرصے سے مداحوں کے دلوں پر راج کر رہے ہیں اور خاص طور پر نوجوانوں میں بے حد مقبول ہیں۔
سلمان خان نے اپنے شاندار کیریئر میں کئی سپرہٹ فلمیں دیں۔ یہی وجہ ہے کہ مداح ان کی فلم کا بے صبری سے انتظار کرتے ہیں، لیکن ایک وقت ایسا بھی تھا جب ان کی کچھ فلمیں بری طرح فلاپ ہوئیں، فلمسازوں کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا لیکن اس دوران سلمان خان نے ایک ایسی فلم میں کام کیا جو بالی ووڈ میں ان کی لائف لائن ثابت ہوئی اوراس نے انہیں مقبولیت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔
سلمان خان کی یہ فلم ’وانٹڈ‘ تھی جو ستمبر 2009 میں ریلیز ہوئی۔ اس نے باکس آفس پر خوب دھوم مچائی۔ فلم میں سلمان خان کے ہمراہ عائشہ ٹاکیہ نے مرکزی کردار اداکیا۔ ایکشن اوررومانوی فلم میں سلمان خان نے گینگسٹر اور پولیس افسر کا کردار نبھایا جسے شائقین نے بے حد پسند کیا۔
فلم کے ڈائیلاگ اتنے مشہور ہوئے کہ نوجوانوں میں زبان زد عام ہوگئے جن میں سے ایک ڈائیلاگ ’ایک بار جو میں نے کمٹمنٹ کردی اس کے بعد تو میں خود کی بھی نہیں سنتا‘ مقبولیت کی بلندیوں کو چھو گیا۔
بالی ووڈ کے سُپر اسٹار سلمان خان کی آئندہ ریلیز ہونے والی فلم ’سکندر‘ ہوگی۔ فلم کی ریلیز 2025 میں عید کے موقع پر متوقع ہے۔