ڈی جی آئی ایس پی آر کی اس بات پر تعجب ہوتا ہے کہ فوج کا سیاست سے تعلق نہیں، عارف علوی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کا یہ کہنا کہ فوج کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، اس بات پر تعجب ہوتا ہے۔
لاہور میں جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ فارم 47 والی پارلیمنٹ جو آئینی ترمیم لانا چاہتی ہے وہ بہت خطرناک ہے۔
انہوں نے کہاکہ یہ ترمیم نہیں تدفین کا بل ہے، یہ چاہتے ہیں کہ آئین کو دفن کرکے عمران خان پر گرفت مضبوط کی جائے۔
عارف علوی نے کہاکہ ہم مولانا فضل الرحمان کے شکر گزار ہیں جو آئینی ترمیم کی راہ میں رکاوٹ بنے اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ آئینی ترمیم کا مسودہ تو دکھائیں۔
سابق صدر مملکت نے کہاکہ بلوچستان کی حقیقی سیاسی جماعتوں کو دیوار سے لگایا جارہا ہے، جبکہ اب پنجاب سمیت ملک بھر میں مسنگ پرسنز کا معاملہ سامنے آرہا ہے، فوج ملک کا ایک ستون ہے، اسے نقصان نہیں پہنچنا چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے جلسے ہمیشہ پرامن رہے، لاہور جلسہ بھی پرامن ہوگا، لوگ بھرپور شرکت کریں۔
عارف علوی نے کہاکہ حکومت مہنگائی میں کمی کا راگ الاپ رہی ہے، مگر حقیقت یہ ہے کہ مہنگائی بڑھنے کی رفتار میں کچھ کمی ضرور آئی ہے، لیکن اشیا کی قیمتیں کم نہیں ہوئی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہاکہ ہم آئینی ترمیمی بل کو کسی صورت قبول نہیں کرتے۔
انہوں نے کہاکہ جلد بازی کے ہتھکنڈوں سے حکومت کے ارادے ظاہر ہیں، یہ چاہتے ہیں کہ عدلیہ چند ہاتھوں میں چلی جائے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہاکہ سیاسی پارٹیوں کا آپس میں مل بیٹھنا جمہوری عمل کا حصہ ہے، تاہم سب کا اپنا اپنا منشور ہے۔