’ہم سے بہتر تو کچے کے ڈاکو ہیں‘، کراچی میں پھیلی غلاظت پر شہری بلبلا اٹھا، ویڈیو وائرل
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اکثر و بیشتر اپنے کسی نہ کسی بیان کی وجہ سے سوشل میڈیا صارفین کے نشانے پر رہتے ہیں، کبھی وہ بارش کے بعد نئی سڑکوں کی ویڈیو بناتے نظر آتے ہیں تو کبھی نالوں کی بات کرتے ہوئے بتاتے ہیں کہ وہ بالکل ٹھیک کام کر رہے ہیں۔ صارفین ان کی ایسی باتوں سے نالاں نظر آتے ہیں کہ ایسا ہوتا نہیں ہے جیسا وہ بیان کرتے ہیں۔
حال ہی میں مرتضیٰ وہاب نے سماجی رابطوں کی سائٹ ایکس پر ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں 12 ربیع الاول کے موقع پر نکالے گئے جلوس کے لیے راستہ صارف کیا گیا اور ان راستوں کو عرق گلاب سے دھویا جا رہا ہے۔
ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین کی جانب سے اس پر خوب تنقید کی گئی۔ اسلام آبادیز نامی پیج نے مرتضیٰ وہاب کی ٹوئٹ پر سندھ کی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں سڑک جگہ جگہ سے ٹوٹی ہوئی ہے، کھڈوں میں پانی کھڑا ہے اور کچرے کا ڈھیر لگا ہوا ہے۔
علاقہ مکین کا ویڈیو بناتے ہوئے کہنا تھا کہ نہ یہ کچے کا علاقہ ہے اور نہ ہی ادھر آدم خود رہتے ہیں اور اس علاقے کی حالت دیکھیں، صارف نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’کچے کے ڈاکو ہم سے لاکھ گنا زیادہ بہتر ہیں، اگر ہم ان کے علاقے میں رہتے تو زیادہ بہتر ہوتا‘۔
صارف نے لکھا کہ اسلامک ٹچ دے کر عرق گلاب سے جلوسوں کے لیے راستے دھونے سے بہتر ان بدترین اور بدبودار راستوں کو انسانیت کی بھلائی کے لیے صاف کردیں جو آپ لوگوں کا اصل کام ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں تمام سیاستدانوں کی طرف سے اسلامک ٹچ پر سخت پابندی لگانی چاہئے تاکہ اصل عوامی مسائل اور خدمت پر توجہ دی جا سکے۔
روزینہ خان لکھتی ہیں کہ سندھ کے لوگوں کے پاس پینے کا صارف پانی نہیں ہے لیکن سڑکوں پر عرق گلاب کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے۔
مبین نامی ایکس صارف نے لکھا کہ سڑکوں پر عرق گلاب کا چھڑکاؤ کرنے سے بہتر تھا کہ عوام کے لیے سڑکیں ہی بنا لیتے۔
ایک صارف کا کہنا تھا کہ عرق گلاب کے چھڑکاؤ سے اچھا تھا کہ تھر کے بچوں کو پینے کا صاف پانی دیتے۔
خالد کھوسو لکھتے ہیں کہ ہمارے پاس پینے کا صارف پانی نہیں ہے لیکن میئر کراچی عرق گلاب سے راستوں کو دھو رہے ہیں۔