مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے انتخابات کی دنیا کی نظر میں کوئی حیثیت نہیں، پاکستان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارت کی نگرانی میں منعقد ہونے والی مضحکہ خیز انتخابات کے پہلے مرحلے کی بین الاقوامی قانون کی نظر میں کوئی قانونی اہمیت نہیں ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے پریس بریفنگ میں کہاکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر کا حتمی فیصلہ عوام کی مرضی کے مطابق کیا جائے گا جس کا اظہار اقوام متحدہ کی زیر نگرانی رائے شماری کے ذریعے کیا جائے گا۔
ترجمان نے کہاکہ کوئی دوسرا عمل کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کا متبادل نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے کہاکہ بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر میں 14 سیاسی جماعتوں کو کالعدم قرار دے دیا گیا ہے اور بہت سے سیاسی رہنما نظر بند ہیں، اس لیے خوف و ہراس کے ماحول میں ایسی انتخابی مشق درست نہیں۔