پاکستان میں سوزوکی بولان کا باب بند، منی وین کا متبادل کیا؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان میں مقبولیت حاصل کرنے والی گاڑیوں میں سے ایک سوزوکی بولان اب پاکستانی مارکیٹ کو الوداع کہنے جارہی ہے کیوں کہ پاک سوزوکی نے اس منی وین کو دوسرے ماڈل سے بدلنے کے لیے کمر کس لی ہے۔
پچھلی ساڑھے 3 دہائیوں کے دوران سوزوکی بولان کا پاکستان کی مارکیٹ میں فروخت کا متاثر کن ریکارڈ ہے۔ کثیر تعداد میں مسافر لادنے ہوں یا کوئی اور کمرشل استعمال اس گاڑی نے اپنے مالکان کا اپنی ’ہمت‘ سے زیادہ ساتھ دیا۔
مقامی طور پر خصوصاً پنجاب میں ’کیری ڈبہ‘ کے نام سے مشہور سوزوکی کی یہ منی وین ایک اور مقبول ترین گاڑی سوزوکی مہران کے بعد پاکستان میں بند ہونے والی دوسری گاڑی ہے۔
سوزوکی بولان کی آخری کھیپ کی تصاویر آن لائن منظر عام پر آئیں اور اس گاڑی میں کے حوالے سے پاکستانیوں نے پرانی یادیں بھی تازہ کیں۔
اس کا آخری چیسس نمبر 01151691 ہے۔ ملک کی سب سے قدیم کار ساز اور بولان بنانے والی کمپنی سوزوکی نے بھی 800 سی سی ’کیری ڈبہ‘ کو بند کرنے کی تصدیق کی ہے۔
کیری ڈبہ‘ بند کرنے کی وجہ
کمپنی نے بولان کو اس کے پرانے ڈیزائن اور حفاظتی خصوصیات کی کمی کی وجہ سے تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا۔
اس گاڑی کی فروخت میں بھی کمی آگئی تھی اور خریداروں میں چنگان کاروان جیسی جدید متبادل گاڑیوں کی مانگ میں اضافہ ہوا تھا۔
بولان کی جگہ سوزوکی ایوری
سوزوکی نے پہلے بتایا تھا کہ ایوری بولان کی جگہ لے گی اور اس کے حالیہ ماڈل میں سے ایک کو ایک حالیہ آٹو شو میں پیش کیا گیا تھا۔
درآمدی چیلنجوں کی وجہ سے ہر ماڈل کی لانچ میں تاخیر ہوئی اور توقع ہے کہ یہ اکتوبر کے وسط میں شروع ہو جائے گی۔
پاکستان میں بولان کی قیمت
سوزوکی بولان وی ایکس یورو II اور سوزوکی بولان کارگو وین یورو II کی قیمت پاکستان میں بالترتیب 19 لاکھ 40 ہزار روپے اور 19 لاکھ 44 ہزار روپے ہے۔