بھارت: تقریب میں مدعو نہ کرنے پر جھگڑا، خاتون رہنما پر تشدد، چپل کا ہار پہنا کر پریڈ کروائی گئی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بھارت میں سیاسی جماعت جنتا دل یونائیٹڈ ( جے ڈی ایل) کی ضلعی خاتون صدر کو پارٹی کے لوگوں نے بدترین تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے چپلوں کا ہار پہنا کر پریڈ کروائی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست بہار میں پیش آیا جہاں جے ڈی ایل کے خواتین سیل کی ایک ضلعی خاتون صدر کامنی پٹیل کے ساتھ انسان سوز سلوک کیا گیا۔
اس حوالے سے پولیس کی جانب سے تفصیلات بتائی گی کہ پارٹی کی جانب سے ایک تقریب رکھی گئی جس میں ضلعی خاتون صدر کو مدعو نہیں کیا گیا، اس کی وجہ سے سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بک پر کافی بحث ہوئی اور کامنی پٹیل اور کچھ دوسرے لوگوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر تبصرے بھی کیے گئے۔
پولیس نے بتایا کہ اس کے اگلے روز خاتون ضلعی صدر کامنی پٹیل وارڈ کونسلر سنجے سنگھ کے گھر بات کرنے پہنچیں جہاں دونوں کے درمیان بحث ہوئی۔
اس حوالے سے خاتون صدر نے کہا کہ مجھے وارڈ کونسلر کے سپوٹرز کی جانب سے گھیر لیا گیا اور تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے مجھے چور قرار دے کر سڑک پر چپلوں کا ہار پہنا کر پریڈ کروائی گئی۔
پولیس کے مطابق خاتون کو بے ہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ وارڈ کونسلر کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا گیا ہے، واقعے میں ملوث دیگر لوگوں کی گرفتاری کیلئے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔