قوموں میں اختلافات کے خاتمے اور امن کیلئے مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی،وزیراعظم


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ قوموں میں اختلافات کے خاتمے اور امن کیلئے مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی، آج قوموں کے درمیان مکالمے کے فروغ کیلئے اقدامات کا عزم دہراتے ہیں۔
امن کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان جنگ و تنازعات سے پاک دنیا کیلئے عالمی برادری کے ساتھ ہے، آج قوموں کے درمیان مکالمے کے فروغ کیلئے اقدامات کا عزم دہراتے ہیں، آج کی دنیا بے شمار تنازعات کے باعث تقسیم کا شکار ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے مزید کہا کہ قوموں میں اختلافات کے خاتمے اور امن کیلئے مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی، پاکستان بات چیت کے ذریعے امن و استحکام پر پختہ یقین رکھتا ہے، خطے میں امن کے لیے جموں و کشمیر سمیت دیرینہ تنازعات کا حل ضروری ہے۔
شہبازشریف ن مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کی بنیاد رائے شماری اور سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد ہے، آج ہمیں ریاستی جارحیت کا سامنا کرنے والے فلسطینوں کو بھی نظرانداز نہیں کرنا چاہئے، مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے لیے تنازع کا پرامن حل وقت کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا میں امن کے فروغ کیلئے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے، مل کر کام کرکے ہی آنے والی نسلوں کیلئے پرامن کل اور دنیا کو امن کا گہوارہ بناسکتے ہیں۔