علی امین گنڈاپور کی جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس میں ضمانت کی درخواست خارج


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس میں ضمانت کی درخواست خارج کردی۔ کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کی۔
وکیل علی امین گنڈا پور نے عدالت کو بتایا کہ فون پر بات ہوئی ہے،موٹر وے بند ہونے کی وجہ سے علی امین پیش نہیں ہوسکتے، جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیے کہ درخواست میں تو ہے سرکاری مصروفیات کی وجہ سے پیش نہیں ہوسکتے؟ محرم میں بھی یہی درخواست آئی تھی،تب حاضری سے استثنیٰ دے دیا تھا۔
وکیل راجہ ظہور الحسن نے کہا کہ اس کیس میں عدالت نے دیگر تمام ملزمان کو ضمانتیں دے رکھی ہیں، علی امین جوڈیشل کمپلیکس کے باہر ضرور تھے مگر کوئی توڑ پھوڑ نہیں کی، علی امین گنڈاپور کے خلاف 35 کیسز ہیں، وہ ایک صوبے کے چیف ایگزیکٹو ہیں، علی امین گنڈاپور وزیراعلیٰ ہوتے ہوئے بھی عدالتوں میں پیش ہورہے ہیں۔ استدعا ہے کہ عدالت پیش ہونے کا ایک اور موقع دے دے۔
انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے وکیل کے دلائل سننے کے بعد علی امین گنڈاپور کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی۔