ڈپٹی وزیر اعظم کی بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں اصلاحات کا عمل تیز کرنے کی ہدایت


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) ڈپٹی وزیر اعظم نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں اصلاحات کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کردی۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بجلی نے تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرپرسنز کے اجلاس کی صدارت کی، جس میں ڈسکوز میں اصلاحات اور گورننس کے مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اجلاس میں ملازمین کی کمی اور ہیومن ریسورس پر خاص طور پر بات چیت ہوئی۔ نائب وزیراعظم نے ڈسکوز کو ہدایت کی کہ ملازمین کی کمی کو فوری طور پر پورا کیا جائے اور اس کمی کو پورا کرنے کے لیے آؤٹ سورسنگ کو مدنظر رکھا جائے۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ لائن لاسز میں کمی، بجلی کی چوری کے خاتمے اور کسٹمر کیئر کی جانچ پڑتال دوبارہ سے کی جائے۔نائب وزیراعظم نے ڈسکوز کو ہدایت دی کہ پرانی اور بے کار آسامیوں پر نظرثانی کی جائے تاکہ کمپنیوں کی کارکردگی بہتر ہو سکے۔
اجلاس کے دوران نائب وزیراعظم نے ڈسکوز میں گورننس کے مسائل کو حل کرنے کے لیے حکومت کے مکمل عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر بجلی سردار اویس احمد خان لغاری نے بھی اس اجلاس میں شرکت کی۔