علی امین گنڈ اپور لاہور جلسہ میں وقت پر کیوں نہ پہنچے؟ مریم اورنگزیب نے سوال اٹھا دیے


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈ اپور کے لاہور جلسہ میں وقت پر نہ پہنچنے پر سوال اٹھادیے .
ہفتے کو وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا (کے پی) علی امین گنڈا پور لاہور میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کا وقت ختم ہونے کے بعد پہنچے اور کارکنوں سے گفتگو کی .


6 بجے جلسے کا وقت ختم ہونے پر ڈی جے نے ساؤنڈ سسٹم بند کر دیا اور لائٹس بھی بند ہوگئیں جس کے بعث جلسہ گاہ میں اندھیرا چھا گیا .
پولیس نے مائیک اورلائٹس بندکرائیں، پولیس اہلکاروں نے پی ٹی آئی رہنماؤں سے اسٹیج خالی کروا کر کنٹرول سنبھال لیا جب کہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر بھی اسٹیج سے اترگئے .
جلسہ ختم ہونے کے بعد وزیراعلیٰ خیبر پخونخوا علی امین گنڈا پور جلسہ گاہ پہنچے اور وہاں موجود کارکنوں سے گفتگو کی .
بعد ازاں پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج پورے لاہور میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو ڈھونڈا جا رہا تھا، ثابت ہوگیا کہ عوام فتنہ پارٹی سے بیزار ہوچکے ہیں .
انہوں نے کہا کہ علی امین نے اسلام آباد میں جو نازیبا زبان استعمال کی تھی ، ایسے شخص کو کوئی گھر بھی داخل ہونے نہیں دیتا لیکن وزیراعلیٰ مریم نواز کو خراج تحسین ہے جو جلسے کی اجازت دے کر سازشی ٹولے کی مقبولیت عوام کے سامنے لے آئیں .
مریم اورنگزیب نے کہا کہ سوال ہے کہ علی امین گنڈا پور آپ وقت پر کیوں نہیں پہنچے؟ جیل میں بیٹھا شخص وزیراعلی خیبر پختونخوا کو کہتا ہے جاؤ پنجاب پر حملہ کرو، لاہور کی سڑک پر آپ کو کوئی قافلہ نظر آیا؟، پنجاب اورپاکستان کی عوام نے ان کو مسترد کر دیا ہے .
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ آئیں مریم نواز کے ساتھ ٹریکٹر اسکیم، کسان کارڈ کا مقابلہ کریں، پاکستان کی عوام انتشار کی سیاست کو آج خدا حافظ کہہ چکی .

. .

متعلقہ خبریں