آئینی ترمیم کا مقصد عمران خان کو فوجی عدالتوں سے سزا دلوانا ہے،,سلمان اکرم راجا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجا نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم ثابت قدمی اور بہادری کا مظاہرہ کریں گے، ہم ایک انتہائی مکار اور چالاک دشمن سے لڑ رہے ہیں، 8 فروری کو فریب ہوا، آپ کا ووٹ چوری ہوا اور ایک جھوٹی حکومت قائم کر دی گئی۔
اب یہ جھوٹی حکومت اپنے جھوٹ کو چھپانے کے لیے آئین میں ترمیم کرنا چاہتی ہے، ان ترمیم کے خلاف آپ کو لڑنا ہے، اس ملک کی تقدیر کا معاملہ ہے، ایک جھوٹی عدالت قائم کی جا رہی ہے، ہم اس کو نہیں مانتے، ہم قاضی فائز عیسیٰ کو نہیں مانتے، ہم انہیں کہہ چکے ہیں کہ آپ بغض میں ڈوبے ہوئے ہیں، آپ 26 اکتوبر کو گھر چلے جائیں اور اس سیاہ عدالت کا حصہ نہ بنیں۔
اس سیاہ عدالت کے دو مقصد ہیں کہ پی ٹی آئی پر پابندی عائد کی جائے، اور اس عدالت سے حکم لیا جائے، ان کا دوسرا ارادہ یہ ہے کہ عمران خان کو فوجی عدالتوں سے سزا دلوائی جائے، کیوں کہ یہ ناکام ہو چکے ہیں۔
آئینی عدالتوں سے ان کے تمام مقدمے ناکام ہو چکے ہیں، عمران خان کو جھوٹی عدالت سے جھوٹے مقدموں میں سزا دلوانا چاہتے ہیں، ہم ان کو بتانا چاہتے ہیں کہ ہمارے غضب سے پورے پاکستان کی سڑکیں تھرتھرائیں گی۔
ہم ان کو کہتے ہیں کہ ہم ثابت قدمی کے ساتھ ان کا مقابلہ کریں گے، ہمارا کوئی مقابلہ نہیں کر سکے گا، ہم نے میدانوں اور سڑکوں پر نکلنا ہے، ہم نے کسی چیز کو قبول نہیں کرنا، عمران خان کو آزاد کروانا ہے۔