ملک بھر میں میڈیکل کالجز اور جامعات میں داخلے کیلئے ایم بی بی ایس اوربی ڈی ایس ٹیسٹ جاری


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ملک بھر کے میڈیکل کالجز اور جامعات کے ایم بی بی ایس اوربی ڈی ایس ٹیسٹ آج ہو رہے ہیں۔
ملک بھر کے ایک لاکھ 67 ہزار سے زائد امیدوار ٹیسٹ دے رہے ہیں، اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
ایم ڈی کیٹ کیلئے پنجاب کے 12شہروں میں 26 امتحانی مراکز قائم قائم کیے گئے ہیں، مجموعی طور پر 58380 امیدوار ٹیسٹ دے رہے ہیں جس میں 40364 لڑکیاں اور 18016لڑکے شامل، امتحانی مراکز اور اردگرد دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔
سندھ میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کی ذمہ داری ڈاؤ یونیورسٹی کو سونپی گئی ہے۔ سندھ بھر سے تقریباً 38 ہزار 700 امیدوار حصہ لیں گے،جن میں سے 13 ہزار کراچی سے ہیں۔
کراچی میں این ای ڈی یونیورسٹی اور ڈاؤ یونیورسٹی کے اوجھا کیمپس میں امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب بلوچستان سے 5806 طلبا انٹری ٹیسٹ میں حصہ لے رہے ہیں۔ بلوچستان کے میڈیکل کالجز میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ بیوٹمز میں ہوگا۔
اس کے علاوہ خیبر پختونخوا سے ٹیسٹ میں 42 ہزار سے زیادہ امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ ٹیسٹ کے لیے 8 اضلاع میں 13 امتحانی مراکز قائم ہیں۔