وزیراعظم 23 سے 27 ستمبر تک اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس میں شرکت کریں گے، دورے کی تفصیلات جاری
وزیراعظم بین الاقوامی اقتصادی تعلقات میں عدم مساوات کو دور کرنے اور بین الاقوامی مالیاتی ڈھانچے میں اصلاحات کی اہمیت پر زور دیں گے . شہباز شریف عالمی برادری پر بھی زور دیں گے کہ وہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور اسلاموفوبیا کی بڑھتی ہوئی لہر کا مقابلہ کرنے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کرے . وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر متعدد اعلیٰ سطح اجلاسوں میں شرکت کریں گے جن میں ’سمندر کی سطح میں اضافے سے پیدا ہونے والے وجودی خطرے پر اعلیٰ سطح اجلاس‘ اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ’امن کے لیے قیادت‘ پر کھلی بحث شامل ہے . وزیراعظم پائیدار ترقیاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے عالمی سطح پر ضروری اقدامات پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے عالمی رہنماؤں کے ایک گروپ کے ساتھ بھی بات چیت کریں گے . ان کے پروگرام میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور جنرل اسمبلی کے صدر سمیت متعدد عالمی رہنماؤں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی شامل ہیں . اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اعلیٰ سطح اجلاس پاکستان کو علاقائی اور بین الاقوامی اہمیت کے اہم معاملات پر اپنے نقطہ نظر کو اجاگر کرنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے . وزیر اعظم ملکی اور عالمی ترقی کے ایجنڈے میں عوام کو مرکزی حیثیت دینے کی پاکستان کی ترجیحات پر روشنی ڈالیں گے . وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے 2025-26 کے رکن کی حیثیت سے پاکستان کے اس عزم کا بھی اظہار کریں گے کہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر کی پاسداری، تنازعات کی روک تھام، امن کے فروغ اور عالمی خوشحالی کے فروغ کے لیے اقوام متحدہ کے تمام رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کرے گا . . .