وزیر اعلیٰ کے پی کا سوات میں پولیس وین پر حملے میں شہید ہونے والوں سے اظہار تعزیت


پشاور(قدرت روزنامہ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے مالم جبہ روڈ سوات میں پولیس وین کے قرب دھماکے میں شہید ہونے والوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔
وزیر اعلیٰ نے شہید اہل کار کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا شہید کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی انہوں نے کہا کہ سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
وزیر اعلیٰ کے پی نے کہا کہ شہید کے اہل خانہ کی بھر پور مالی معاونت کی جائے گی اور انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا وزیر اعلیٰ نے دھماکے میں زخمی پولیس اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس نے بے مثال قربانیاں دی ہیں عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے والے پولیس جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔