کوریوگرافر جانی ماسٹر نے جنسی زیادتی کا اعتراف کر لیا، بالی ووڈ میں ہلچل


ممبئی(قدرت روزنامہ) تیلگو فلم انڈسٹری کے مشہور کوریوگرافر جانی ماسٹر نے اپنی سابقہ خاتون ملازمہ کے ساتھ جنسی زیادتی کا اعتراف کر لیا ہے۔
یہ واقعہ مبینہ طور پر ممبئی کے ایک ہوٹل میں پیش آیا جہاں ماسٹر اور دیگر ڈانسرز ایک شو کے سلسلے میں ٹھہرے ہوئے تھے۔
پولیس کے مطابق، 21 سالہ متاثرہ خاتون نے بتایا کہ وہ 2017 میں جانی ماسٹر سے ایک تقریب میں ملیں اور 2019 میں انہیں اسسٹنٹ کوریوگرافر کے طور پر کام کی پیشکش کی گئی۔
متاثرہ خاتون نے مزید الزام لگایا کہ ماسٹر نے انہیں جسمانی تشدد، ذہنی ہراسانی اور دھمکیوں کا نشانہ بنایا۔ خاتون کے مطابق وہ 16 سال کی عمر سے چار سال تک اس زیادتی کا شکار رہیں۔
الزامات سامنے آنے کے بعد جانی ماسٹر کو تیلگو فلم چیمبر آف کامرس اور مزدور یونین نے معطل کر دیا ہے اور انہیں جلد حیدرآباد منتقل کیا جائے گا۔
جانی ماسٹر کا تعلق اداکار- سیاستدان پون کلیان کی سیاسی جماعت جنا سینا سے ہے جس نے ان پر عائد الزامات کے بعد انہیں جماعت کی سرگرمیوں سے دور رہنے کا حکم دیا ہے۔