فن و ثقافت شوبز

سعودی فلم فورم کا دوسرا ایڈیشن اکتوبر میں منعقد ہوگا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سعودی فلم اتھارٹی اکتوبر 2024 میں (سعودی فلم فورم) کے دوسرے ایڈیشن کی میزبانی کرنے کے لیے تیار ہے۔ یہ فورم 9 سے 12 اکتوبر تک ریاض میں منعقد ہوگا، جس کی سرپرستی سعودی وزیر ثقافت اور فلم اتھارٹی کے چیئرمین، شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان کریں گے۔ فورم میں دنیا بھر سے فلمی ماہرین، پروڈیوسرز، اور عرب و بین الاقوامی فلم انڈسٹری کے رہنما شرکت کریں گے۔
اس اہم فورم کا مقصد سعودی عرب میں فلم انڈسٹری کو ترقی دینا اور سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ یہ فورم مملکت کی قومی ثقافتی حکمت عملی اور سعودی وژن 2030کے اہداف کے مطابق فلمی صنعت کے مستقبل کو روشن بنانے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔
فورم کے دوران فلم انڈسٹری کے مختلف پہلوؤں پر 30مکالماتی سیشنز اور ورکشاپس منعقد کی جائیں گی، جن کا مقصد فلم سازی کے شعبے میں جدید ترین رجحانات پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔ اس کے علاوہ ایک نمائش بھی منعقد ہوگی جس میں 130 سے زائد مقامی اور بین الاقوامی ادارے اپنے جدید ترین فلمی پروڈکشن اور ٹیکنالوجی کے منصوبے پیش کریں گے۔
فورم کا انعقاد سعودی عرب میں فلم انڈسٹری کے بڑھتے ہوئے کردار کو فروغ دینے کے لیے کیا جارہا ہے، جس کا مقصد فلم سازوں، پروڈیوسرز اور انڈسٹری کے ماہرین کے درمیان روابط کو مضبوط کرنا اور سعودی فلمی صنعت کی ترقی کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔
یہ فورم پچھلے سال کی کامیاب میزبانی کے بعد منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں فلم انڈسٹری کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال اور صنعت کے مستقبل کو بہتر بنانے کے لیے مختلف تجاویز اور منصوبوں پر بات چیت کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں