اسلام آباد

مالم جبہ ریموٹ کنٹرول بم دھماکا، ایک پولیس جوان شہید، 3 زخمی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع سوات کے علاقے مالم جبہ روڈ پر ریمورٹ کنٹرول بم دھماکے میں 1 پولیس جوان شہید 3 زخمی ہو گئے ہیں۔ دھماکا ریموٹ کنٹرول سے کیا گیا۔
سوات پولیس کا کہنا ہے کہ اتوار کو ضلع سوات کے علاقے مالم جبہ میں غیر ملکی سفیروں کے ساتھ سیکیورٹی قافلے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی جس کے نتیجے میںکانسٹیبل برہان زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسے جب کہ ریموٹ کنٹرول دھماکے میں کانسٹیبل سرزمین، حسین گل اور امان اللہ زخمی ہو گئے۔
ڈی پی او سوات ڈاکٹر زاہد اللہ نے بتایا کہ ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ غیر ملکی سفیروں کی سیکیورٹی پر معمور پولیس وین کے قریب کیا گیا جس سے 4 پولیس جوان زخمی ہو گئے جن میں کانسٹیبل برہان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے، دیگر زخمیوں کو طبی امداد کے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس وین 10 سے زیادہ ممالک کے سفیروں کی سیکیورٹی قافلے میں شامل تھی۔ دھماکے میں تمام سفیر محفوظ رہے، واقعہ کے بعد تمام سفیروں کو بحفاظت اسلام آباد روانہ کر دیا گیا۔
تمام سفیر مینگورہ میں چیمبر آف کامرس کی ایک تقریب میں شرکت کے بعد مالم جبہ جا رہے تھے، ان غیر ملکی سفیروں میں روس، پرتگال، ایتھوپیا، انڈونیشیا، تاجکستان، قازقستان، ایران اور دیگر ممالک کے سفیر شامل تھے۔

متعلقہ خبریں