ہر ادارہ چاہتا ہے کہ وہ اپنے دائرہ کار سے باہر جاکر کام کرے، مولانا فضل الرحمان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ ہر ادارہ چاہتا ہے کہ وہ اپنے دائرہ کار سے آگے بڑھ کر دوسروں کے دائرہ کار میں مداخلت کرسکے۔
کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی استحکام ہے نہ معاشی، ملک میں آئین محفوظ ہے نہ ادارے، ملک عدم استحکام اور کمزوری کی طرف جارہا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آئین پر عمل نہ کرنے سے ملک کا ہر ادارہ کمزور ہورہا ہے جس سے ملک ملکی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دوست ممالک کو پاکستان کی معیشت کے بارے میں تشویش ہے، وہ بھی پریشان ہیں کہ پاکستان کو وہ کیسے بچائیں، دنیا میں وہ قوتیں بھی ہیں جو پاکستان کو نیست و نابود کرنا چاہتی ہیں۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ نہ ہمارا آئین محفوظ ہے، نہ قانون، نہ پارلیمنٹ محفوظ ہے، نہ ادارے محفوظ ہیں، ہر ادارہ چاہتا ہے کہ وہ اپنے دائرہ کار سے باہر جاکر کام کرے، اپنی قوت کی بالادستی کے لیے سب ہاتھ پاؤں مار رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی میں بزنس کیمونٹی کی دلچسپی پر خوشی ہے، آئی ٹی کے شعبے سے ریوینیو بڑھایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم فوج سمیت ہرادارے کو طاقتور دیکھنا چاہتے ہیں کیوں کہ فوج ہماری دفاعی قوت ہے اور ہم عدلیہ کو بھی طاقتور دیکھنا چاہتے ہیں، عدلیہ سے لوگوں کو انصاف کی توقع ہوتی ہے۔