بلوچستان: کانگو وائرس سے اموات کی تعداد 9 ہوگئی
کوئٹہ (قدرت روزنامہ)کوئٹہ کے اسپتال میں زیر علاج کانگو وائرس کا مریض جان کی بازی ہار گیا، جس کے بعد بلوچستان میں رواں برس کانگو وائرس سے اموات کی تعداد 9 ہوگئی ہے۔
فاطمہ جناح اسپتال کوئٹہ کی انتظامیہ کے مطابق کانگو وائرس سے انتقال کرنے والے کوئٹہ کے 16 سالہ خان محمد کو گزشتہ روز تشویشناک حالت میں اسپتال لایا گیا تھا جہاں وہ آئیسولیشن وارڈ میں زیر علاج تھا۔
آج صبح مریض کی حالت مزید خراب ہوئی اور وہ انتقال کر گیا۔ خان محمد کے انتقال سے بلوچستان میں رواں سال کانگو وائرس سے اموات کی تعداد 9 ہوگئی ہے۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق رواں برس 2024 میں اب تک فاطمہ جناح اسپتال کوئٹہ میں کانگو وائرس کے 34 مریضوں کو علاج کے لیے اسپتال لایا گیا ہے۔