کراچی: نظارت خانے میں آتشزدگی، 100 سے زائد گاڑیاں جل گئیں


کراچی(قدرت روزنامہ)کراچی کے علاقے کلفٹن بلاک ون میں نظارت خانے میں کھڑی 100 سے زائد سرکاری گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی۔
فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو کی 2 گاڑیوں نے آگ پر قابو پالیا ہے جبکہ واقعہ میں 30 گاڑیاں مکمل طور پر جل گئیں۔ حکام کے مطابق آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، نظارت خانے میں 100 سے زائد سرکاری گاڑیاں کھڑی ہیں جن کی سیکیورٹی کے مناسب انتظامات نہیں کیے گئے، متعدد گاڑیوں کے پارٹس بھی غائب تھے، یہ سرکاری گاڑیاں حکومت سندھ کے مختلف محکموں کے زیراستعمال رہیں۔
یاد رہے کہ کراچی کے نظارت خانوں میں آگ لگنے کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں۔ رواں برس مارچ میں بھی گلشن اقبال میں بھی نظارت خانے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی جس کے باعث متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا تھا، اس واقعہ میں بھی آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی تھی۔ اس سے قبل 2022 میں بھی اسی نظارت خانے میں لگنے والی آگ میں 500 سے زائد موٹر سائیکلیں، بس، رکشے اور گاڑیاں جل کر خاک ہوگئی تھیں۔
واضح رہے کہ نظارت خانہ وہ جگہ ہوتی ہے جہاں کیس پراپرٹیز کا سامان مثلاً موٹرسائیکل، بس، ٹرک، گاڑیاں اور رکشے اور دیگر سامان لا کر رکھا جاتا ہے اور بوقت ضرورت اسے عدالت میں پیش کیا جاتا ہے۔