اسرائیل کے حوالے سے میرا مؤقف آج بھی ماضی جیسا ہے ، بانی پی ٹی آئی


جب تک انصاف نہیں ہوگا ملک میں امن نہیں ہوگا ، صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو
راولپنڈی(قدرت روزنامہ)بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کا کہنا ہے کہ اسرائیلی اخبار میں چھپنے والے آرٹیکل میں میری تعریف اور میری ساکھ کی بات کی گئی، اسرائیل کے حوالے سے میرا مؤقف آج بھی وہی ہے جو پہلے تھا .
اڈیالہ جیل راولپنڈی میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران بانی تحریک انصاف نے کہا کہ اسرائیلی اخبار میں لکھا گیا کہ مغربی ممالک اور مسلم امہ میں میری ساکھ ہے ، لگتا ہے ان کو انگریزی سمجھ نہیں آتی .


بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے حوالے سے میرا مؤقف آج بھی وہی ہے ، اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے، پہلے سیز فائر کرے ، آپ پہلے دو ریاستی حل کی جانب جائیں پھر آپ سے بات چیت ہوگی .
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا بیان آیا ہے کہ اچھے بچے بنیں، مل کر رہیں تاکہ ملک ترقی کرے، شہباز شریف سن لیں کہ امن انصاف سے آتا ہے، الیکشن میں ڈاکا ماراگیا ، 9 مئی کے واقعات میں کارکنوں کو جیل میں ڈالا گیا لیکن تحقیقات نہیں ہو رہی .
ان کا کہنا تھا کہ جب تک انصاف نہیں ہوگا ملک میں امن نہیں ہوگا، آپ جو ترامیم کرنے جا رہے ہیں ان سے کیا امن آئے گا؟ عدلیہ کو ختم کر کے یہ غیر اعلانیہ مارشل لاء لگانا چاہتے ہیں ، ہم ان ترامیم کے خلاف عوامی تحریک شروع کریں گے .
انہوں نے کہا کہ لاہور میں جلسے سے ایک دن قبل اجازت دی گئی اور پھر کنٹینرز لگا دیئے گئے، جلسے سے پہلے پی ٹی آئی کے پانچ سو لوگوں کو نظربند کرنے کے احکامات جاری ہوئے، گرمیوں کا جلسہ شام میں ہوتا ہے اور یہ کہتے ہیں کہ چھ بجے جلسہ ختم کر دو .
ان کا مزید کہنا تھا کہ پارٹی کو کہہ دیا ہے اگلے ہفتے ہم راولپنڈی میں جلسہ کریں گے، اس کے لیے ہائی کورٹ سے رجوع کریں .

. .

متعلقہ خبریں