ہمیں اپنے وسائل پر اختیار کی آئینی ضمانت دیں،محمود خان اچکزئی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین ملی مشر محمود خان اچکزئی نے پشتونخوامیپ کی مرکزی کمیٹی اور قومی جرگے ( مرکزی کونسل) سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک جمہوری پاکستان کے قیام کیلیے ہم نے ہمیشہ بات کی اور آج افغانستان، ایران اور پاکستان کے حکمرانوں کی عقل کا امتحان ہے۔
دنیا یہاں ایک اور جنگ مسلط کرنا چاہتی ہے کیونکہ وسطی ایشیا میں وافر مقدار میں تیل ، گیس ، بجلی ودیگر وسائل دستیاب ہیں اگر ان کے حکمرانوں نے ہوش کے ناخن نہ لیئے تو اس پر قبضہ جمانے کیلیے ان 3 ممالک کو آگ اور خون کے دریا میں نہلایا جاسکتا ہے۔
ہمیں نہ ان کے درمیان استعمال نہیں ہونا، ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کی تمام اقسام جوسرکار، کسی ملا، ملک ، خان ، پیر ، فقیر کی جانب سے ہو اسکی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ہمارے کوئلے اور دیگر معدنیات پر جو بھی حملہ آور ہیں، آئین کا احترام کرکے ہمارے وسائل پر ہمارے اختیار کی آئینی ضمانت دیں، تب یہ ملک چلنے کے قابل ہوگا، انھوں نے کہا کہ پشتون بلوچ آج بھی مل بیٹھ کر خود کو ظالموں سے بچاسکتے ہیں، ہم اپنے جائز حقوق کیلیے جدوجہد کرینگے۔