لیاقت باغ یا بھاٹہ چوک راولپنڈی، پی ٹی آئی نے جلسہ کے لیے درخواست دیدی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پی ٹی آئی نے 28 ستمبر کو لیاقت باغ یا بھاٹہ چوک میں جلسہ کے لیے درخواست دیدی۔
پاکستان تحریک انصاف (‏پی ٹی آئی) نے راولپنڈی میں جلسے کی اجازت کے لیے ڈپٹی کمشنر کو باقاعدہ درخواست دیدی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ 28 ستمبر کو لیاقت باغ یا بھاٹہ چوک میں جلسے کی اجازت دی جائے۔ ڈپٹی کمشنر آفس نے پی ٹی آئی کے جلسے کی درخواست وصول کر لی۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے 29 ستمبر کو میانوالی میں جلسے کا اعلان کیا تھا، تاہم آج عمران خان نے میانوالی جلسہ منسوخ کرتے ہوئے 28 ستمبر کو راولپنڈی میں جلسے کا اعلان کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے میانوالی کا جلسہ منسوخ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم 28 ستمبر کو راولپنڈی میں جلسہ کریں گے۔
اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر جلسے کی اجازت نہ ملی تو ہم احتجاج کریں گے، میں نے پارٹی کو عدالت سے رجوع کرنے کا کہا ہے۔
عمران خان نے کہاکہ لاہور میں جلسے سے ایک دن قبل اجازت دی گئی اور پھر کنٹینرز لگا دیے گئے، ہمارے جلسوں میں لوگ پیدل چل کر آتے ہیں، ہم قیمے والے نان نہیں کھلاتے۔
انہوں نے کہاکہ عدلیہ کو ختم کرکے یہ لوگ غیر اعلانیہ مارشل لا لگانا چاہتے ہیں، یہ وہ ترامیم کرنے لگے ہیں جو کسی آمر نے بھی نہیں کیں، ہم ان ترامیم کے خلاف اسٹریٹ موومنٹ شروع کریں گے۔