حماد اظہر کو پولیس حراست سے چھڑانے پر عالیہ حمزہ سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں پر مقدمہ


لاہور(قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے رہنما حماد اظہر کو پولیس حراست سے چھڑانے پر عالیہ حمزہ سمیت پی ٹی آئی کے دیگررہنماؤں اورکارکنوں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
پی ٹی آئی رہنماؤں پر لاہور کے تھانہ کاہنہ میں مقدمہ درج کیا گیا۔ پی ٹی آئی اے لاہور کے صدر شیخ امتیاز اور عالیہ حمزہ سمیت 30 سے 40 افراد کے خلاف پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔مقدمہ اشتہاری ملزم حماد اظہر کو پولیس کی حراست سے چھڑانے پر درج کیا گیا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق پی ٹی آئی کے جلسے میں اشتہاری حماد اظہر اسٹیج پر موجود تھا۔ملزم حماد اظہر کو پکڑنے کے لئے اسٹیج سے نیچے اتارا گیا تو پی ٹی آئی لاہور کے صدر شیخ امتیاز ،عالیہ حمزہ اور 30 سے 40 پی ٹی آئی رہنماؤں نے زبردستی حماد اظہر کو چھڑوا لیا جبکہ اشتہاری حماد اظہر گاڑی میں بیٹھ کر فرار ہو گیا۔ پی ٹی آئی کے کارکنوں اور رہنماؤں نے پولیس کی وردیاں بھی پھاڑ دی۔