کراچی؛ نعمان سینٹر صدر کی بیسمنٹ میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا، گاڑیاں جل گئیں


کراچی(قدرت روزنامہ) صدر میں واقع نعمان سینٹر کی بیسمنٹ میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا، واقعے میں گاڑیاں جل گئیں، عمارت میں کولنگ کا عمل جاری ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق شہر قائد کے تجارتی مرکز صدر میں نعمان سینٹر کی بیسمنٹ کے میٹر روم میں آگ لگی، جس کی اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کا عملہ اور متعلقہ ادارے پہنچے، جہاں ریسکیو ٹیموں نے آگ بجھانے کا عمل شروع کیا۔
نعمان سینٹر کی بیسمنٹ میں موٹر سائیکلیں، رکشے اور گاڑیاں پارک ہیں، جو آگ لگنے سے متاثر ہوئیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ عمارت کے بیسمنٹ میں میٹر روم میں لگی۔ اس دوران عمارت میں دھواں بھر گیا، جس کی وجہ سے فائر فائٹرز کو کارروائی میں مشکلات کا سامنا ہوا۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آتشزدگی کے باعث عمارت کی بیسمنٹ میں کھڑی 3 گاڑیاں ،ایک رکشہ اور ایک موٹر سائکل مکمل جل گئی۔
آگ پر قابو پائے جانے کے بعد عمارت میں کولنگ کا عمل جاری ہے۔ بھرے ہوئے دھویں کو نکالنے کے لیے بڑے ایگزاسٹ فین کا استعمال کیا جا رہا ہے۔