پاکستان اور ایران نے تجارت میں حائل رکاوٹیں دور کرنے پر کام شروع کردیا
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پاکستان اور ایران کے درمیان دو طرفہ تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنےاورکسٹمز سے متعلق مسائل حل کرنے کےلیے ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دینے پر اتفاق ہوا ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)کے مطابق پاکستان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مغدم نے منگل کو ایف بی آر ہیڈکوارٹر میں چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو راشد محمود لنگڑیال سے اہم ملاقات کی ہے۔
اس ملاقات کے دوران فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت میں آسانیاں اور فروغ کے لیے کسٹمز، سرحد پار تجارت اور مینجمنٹ سے متعلق اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ فریقین نے دو طرفہ تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے پر اتفاق کیا تاکہ دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان حقیقی تجارتی صلاحیت کا فائدہ اٹھا کر معاشی سرگرمیوں کو بڑھایا جا سکے۔
ملاقات میں اتفاق کیا گیا ہےکہ دونوں برادر ممالک کے درمیان کسٹمز سے متعلق مسائل پر مزید غور کرنے اور انہیں حل کرنے کے لیے ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دی جائے۔