حماد اظہر کو چھڑانے کا الزام، شیخ امتیاز اور عالیہ حمزہ سمیت درجنوں رہنماؤں اور کارکنوں پر مقدمہ درج


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)لاہور پولیس نے اشتہاری ملزم حماد اظہر کو چھڑانے پر پاکستان تحریک انصاف لاہور کے صدر شیخ امتیاز اور عالیہ حمزہ سمیت درجنوں رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
لاہور کے تھانہ کاہنہ میں پی ٹی آئی کے 30 سے 40 رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق پی ٹی آئی لاہور کے صدر شیخ امتیاز اور عالیہ حمزہ سمیت 30 سے 40 افراد کے خلاف پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ مقدمہ اشتہاری ملزم حماد اظہر کو پولیس کی حراست سے چھڑانے پر درج کیا گیا۔
ایف آئی آر کے متن میں درج ہے کہ لاہور میں پی ٹی آئی کے جلسے کے دوران اشتہاری ملزم حماد اظہر اسٹیج پر موجود رہا، اور پولیس نے گرفتار کرنے کی کوشش کی۔
ایف آئی آر کے مطابق شیخ امتیاز، عالیہ حمزہ اور 30 سے 40 پی ٹی آئی رہنماؤں و کارکنوں نے زبردستی حماد اظہر کو چھڑوا لیا، جس کے بعد وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
ایف آئی آر میں پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں پر پولیس کی یونیفارم پھاڑنے کا الزام بھی لگایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف بھی انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت لاہور میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔