اقوام متحدہ کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں سعودی وفد کی وزیر خارجہ کی سربراہی میں شرکت
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا 79واں اجلاس شروع ہوگیا ہے، جس میں ملک بھر سے سربراہان مملکت اور دیگر عہدیداران شرکت کررہے ہیں۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ نے جنرل اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں سعودی عرب کے وفد کی قیادت کی۔
سعودی وفد میں خادم حرمین شریفین کی سفیر برائے امریکا شہزادی ریما بنت بندر بن سلطان بن عبدالعزیز، وزیر مملکت برائے خارجہ امور، کابینہ کے رکن اور موسمیاتی تبدیلیوں کے معاملات کے نمائندے عادل بن احمد الجبیر، وزارت خارجہ کے بین الاقوامی امور کے انچارج اور عوامی سفارتکاری کے امور کے سپروائزر ڈاکٹر عبدالرحمان الرسی، اقوام متحدہ میں سعودی عرب کے مستقل نمائندے سفیر ڈاکٹر عبدالعزیز الواصل اور وزیر خارجہ کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل عبدالرحمان الداود شامل تھے۔
وزیر خارجہ اور سعودی وفد کے دیگر ارکان بین الاقوامی کثیر الجہتی تعاون کو فروغ دینے، علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر بات چیت کرنے، بین الاقوامی امن وسلامتی کے قیام کے لیے کی جانے والی کوششوں اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے مشترکہ کام کرنے کے موضوعات پر متعدد رسمی اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے افتتاحی اجلاس سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے خطاب کیا، اس کے علاوہ امریکی صدر جوبائیڈن اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان بھی پہلے روز خطاب کرنے والوں میں شامل ہیں۔