پارلیمان کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ہم پارلیمان کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں، اسپیکر قومی اسمبلی اور اسپیکر پنجاب اسمبلی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو خطوط لکھے ہیں۔
نیویارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دو ایوانوں کے اسپیکرز نے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خطوط میں سوال اٹھایا ہے کہ ایسی سیاسی جماعت کو نشستیں کس طرح دی جاسکتی ہیں جس کا پارلیمان میں وجود ہی نہیں۔
انہوں نے کہاکہ آزاد امیدوار نے 3 روز میں کسی سیاسی جماعت میں شامل ہونا ہوتا ہے، مخصوص نشستوں کے کیس میں پی ٹی آئی دعویدار نہیں تھی۔
عطااللہ تارڑ نے کہاکہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد جیتنے والوں نے سنی اتحاد کونسل کو جوائن کیا، جس کا پارلیمان میں وجود ہی نہیں تھا۔ حلف نامے دینے والے پارٹی تبدیل نہیں کرسکتے۔
انہوں ںے کہاکہ پارلیمان کی بالادستی کے لیے اسپیکر کے کردار کی ستائش کرتے ہیں، انہوں نے فلور کراسنگ کے بارے میں سوال اٹھایا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ ایک فریق جو درخواست کا فریق ہی نہیں تھا، اسے ریلیف کس طرح دیا جا سکتا ہے، کوئی فریق نہ ہو، ریلیف نہ مانگا ہو، اسے ریلیف کیسے دیا جا سکتا ہے۔
عطااللہ تارڑ نے کہاکہ آئینی و قانونی سوالات کا جواب آنا ضروری ہے۔