لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر، واٹر اینڈ میرین سائنسز وڈھ کیمپس میں ایک روزہ آرٹ ایگزیبیشن کا انعقاد
وڈھ(قدرت روزنامہ)لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر، واٹر اینڈ میرین سائنسز وڈھ کیمپس میں ایک روزہ آرٹ ایگزیبیشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلباء و طالبات نے مختلف آرٹ کے نمونے پیش کیے۔ اس کے ساتھ ساتھ طلبہ کی جانب سے فوڈ اور بک اسٹال بھی لگائے گئے۔ اس ایونٹ میں نہ صرف یونیورسٹی بلکہ دیگر اسکولوں کے طلبہ و طالبات نے بھی شرکت کی، جن میں گورنمنٹ ہائی سکول وڈھ، سردار منیر مینگل پبلک ہائی اسکول وڈھ، گورنمنٹ بوائز انٹر کالج وڈھ اور دیگر تعلیمی ادارے شامل تھے۔پروگرام کے مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر وڈھ محمد حنیف کبزئی اور کیمپس کے ڈائریکٹر شیر احمد بنگلزئی تھے، جبکہ اعزازی مہمانوں میں سردار منیر مینگل پبلک ہائی اسکول وڈھ کے پرنسپل اعجاز مینگل، انٹر کالج وڈھ کے پرنسپل نزیر احمد موسیانی, ہاٸی سکول کے ٹیچر رمضان مینگل اور کیمپس کے اساتذہ شامل تھے۔ مہمان خصوصی اور دیگر معززین نے طلبہ کی محنت اور فن کو سراہا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شرکاء نے تعلیم کی اہمیت اور موجودہ دور میں دستیاب جدید سہولیات پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ انسان کو کبھی مایوس نہیں ہونا چاہیے اور اپنی تعلیم کے ساتھ ساتھ اپنے ہنر کو بھی نکھارنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا کا مثبت استعمال کرتے ہوئے طلبہ کو فائدہ اٹھانا چاہیے اور آن لائن کورسز جیسی سہولیات سے مستفید ہونا چاہیے، جو گھر بیٹھے حاصل کی جا سکتی ہیں۔شرکاء نے والدین کو بھی نصیحت کی کہ وہ اپنے بچوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں، کیونکہ آنے والا دور تعلیم اور ٹیکنالوجی کا ہے۔ والدین کا فرض تب ہی پورا ہوگا جب وہ اپنے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں۔ خوش قسمتی سے وڈھ جیسے پسماندہ علاقے میں بھی اب اسکول، کالج اور یونیورسٹی کی تعلیم دستیاب ہے، جس سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ تعلیم کے بغیر کسی بھی قوم کی ترقی ممکن نہیں، اور ہماری ترقی کا دارومدار تعلیم ہی پر ہے۔اس طرح کے پروگرامز علاقے میں نہ صرف تعلیمی شعور بیدار کرتے ہیں بلکہ طلبہ کے اندر تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا بہترین ذریعہ ثابت ہوتے ہیں۔ اس طرح کے اقدامات طلبہ کے اعتماد کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوتے ہیں اور ان کو اپنے مستقبل کے لیے بہتر فیصلے کرنے میں رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔