ہانی بلوچ کی جدوجہد ہمارے لیے مشعل راہ ہے،بی ایس او
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں ساتھی رہنماء ہانی بلوچ کو انکی تیسری برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہیکہ بی ایس او کا کاروان انقلابی جہدکاروں سے زرخیز ہے جو راہ حق میں کام آئے اور تاریخ میں امر ہوگئے۔ تنظیم کی بہادر ساتھی ہانی بلوچ ان جھدکاروں میں شامل ہیں جو میدان عمل میں سینہ سپر تھیں جنکی ناگہانی شہادت 24 ستمبر 2021 کو شال میں ہوئی۔ بی ایس او انہیں انکی تیسری برسی پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انکی جدوجہد کو منزل مقصود تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کرتی ہے۔ ترجمان نے کہا ہے کہ کٹھن حالات کے اندر انقلابی جدوجہد کا علم بلند کرتے ہوئے روشن مستقبل، انسانی آزادی، وطن کے دفاع، اور حق و انصاف و برابری کی خاطر زندگیاں تیاگ دینا عظیم فکر کی مرہون منت ہوتی ہے جوکہ بی ایس او کے نظریات کا طرّہ امتیاز اور بنیادی تعلیمات کی دین ہے۔ بی ایس او کے فکری سرکلوں میں شہید فدا احمد، شہید حمید بلوچ، شہید ہانی بلوچ اور دیگر ہزاروں انقلابی جہدکار پیدا ہورہے ہیں جو انصاف و مساوات کا علم بلند کیے مادروطن کے دفاع میں بنا کسی خوف و خطر کے برسرِ پیکار ہیں ترجمان نے کہا کہ آج جس طرح بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن بلوچ سماج کے وسیع تر پرتوں میں نوجوانوں کی سیاسی و فکری تربیت کررہی ہے یہ بی ایس او کے ان کی قربانیوں کا اعتراف ہے جن کی فکری جدوجہد آج بھی ہمارے لیے مشعل راہ ہے اور ہمیشہ رہے گی۔