لاہور(قدرت روزنامہ) پنجاب کے بیشتراضلاع میں کل سے بارشوں کا امکان ہے .
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 26 ستمبر سے یکم اکتوبر تک پنجاب کے بیشتراضلاع میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے .
راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال اور حافظ آباد میں بارش ہوسکتی ہے جبکہ 27 ستمبر سے ساہیوال ، جھنگ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد، اوکاڑہ، پاکپتن، قصور اور بھکر میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے .
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے صوبے بھر کے ڈی سیز و انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی . پی ڈی ایم اے کے کنٹرول روم میں صورتحال کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ جاری ہے . ریسکیو ادارے کو الرٹ کردیا گیا ہے . شہریوں کو بارش کی صورت میں بجلی کے کھمبوں اورلٹکتے ہوئے تاروں سے دور رہنے سمیت دیگراحتیاطی تدابیراختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے .