پاکستان

سینیٹرز نے بھی اپنی تنخواہوں و مراعات میں اضافے کا اختیار سینیٹ کو دینے کی ترمیم پیش کردی


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)ارکان قومی اسمبلی کی طرز پر سینیٹرز نے بھی تںخواہوں اور مراعات میں اضافے کا اختیار حکومت سے لے کر سینیٹ کو دینے کی تجویز پیش کردی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ارکان قومی اسمبلی کی تنخواہوں، مراعات میں اضافے کے لیے وزارت خزانہ سے مشاورت کی جاتی تھی مگر اب ارکان قومی اسمبلی کی تنخواہوں، مراعات میں اضافے کیلئے وزارت خزانہ سے مشاورت نہیں ہوگی قومی اسمبلی اس ضمن میں ترمیم پاس کرچکی ہے۔
آج سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس سینیٹر سلیم مانڈوی والا کے زیر صدارت منعقد ہوا جس میں اراکین پارلیمنٹ کے الاؤنسز میں ترمیم پر غور کیا گیا۔
کمیٹی کے چیئرمین سلیم مانڈوی والا نے ترمیم پیش کی اور کہا کہ قومی اسمبلی کے اراکین کی تنخواہیں بڑھانے کا فیصلہ قومی اسمبلی ہی کرے گی، قانون پاس ہوچکا، اب اراکین سینیٹ کی تنخواہیں بڑھانے کا اختیار سینیٹ کو دینے کی ترمیم ہے، اراکین پارلیمنٹ اپنی تنخواہوں میں اضافہ اپنی مرضی سے کریں گے یہ ترمیم پیش کردی گئی ہے۔
اجلاس میں شریک سیکریٹری خزانہ امداد بوسال نے ترمیم پر غور کے لیے تین دن کا وقت مانگ لیا۔

متعلقہ خبریں