مصحف الکویت ایپ کا اجرا، قرآن مجید کی جدید خصوصیات کی حامل اشاعت


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)کویت کی عام نگران اتھارٹی برائے طباعت و اشاعت قرآن کریم اور سنت نبوی وعلوم نے ’مصحف الکویت‘ کے نام سے ایک نئی ایپلیکیشن متعارف کرائی ہے، جو قرآن مجید اور سنت نبوی کی اشاعت کے لیے ایک جدید ترین پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔
مصحف الکویت‘ ایپ کا اجرا گزشتہ روز عمل میں لایا گیا، جس میں بڑی خطاطی کے ساتھ دستیاب قرآن مجید کا نسخہ خصوصی ضروریات رکھنے والے افراد اور کم نظر والوں کے لیے قرآن مجید کا مطالعہ آسان بناتی ہے۔
نگران اتھارٹی برائے طباعت و اشاعت قرآن کریم اور سنت نبوی وعلوم کے ترجمان مبارک الحیان کے مطابق مذکورہ ایپلیکیشن میں تحقیق کے لیے آسان طریقے اور حوالہ جات کے لیے نشانیاں فراہم کی گئی ہیں، جبکہ رات کے وقت پڑھنے کے لیے اسکرین کی ترتیب بھی شامل ہے۔
ایپ انٹرنیٹ کے بغیر کام کرتی ہے اور کسی قسم کے اشتہارات سے پاک ہے، جو صارفین کو سکون اور خشوع کے ساتھ قرآن مجید پڑھنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔‘
مبارک الحیان نے بتایا کہ اس ایپ کا مقصد قرآن کریم کی اشاعت اور اس کی تعلیمات کو عام کرنا ہے، ساتھ ہی سنت نبوی کی نشر و اشاعت اور اسلامی اقدار کو فروغ دینا ہے، اتھارٹی جدید ترین ٹیکنالوجی کے استعمال کو یقینی بناتے ہوئے قرآن اور سنت کی ثقافت کو فروغ دینے پر کام کر رہی ہے۔
ترجمان برائے اتھارٹی کے مطابق قرآن مجید کی اشاعت کے ساتھ ساتھ اسے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے کاوشیں جاری ہیں، تاکہ اسے آسانی سے موزوں پلیٹ فارمز پر عوام الناس کے لیے اس کی ہمہ وقت دستیابی ممکن بنائی جاسکے۔