اسلام آباد

پی ٹی آئی نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو مینار پاکستان پر جلسہ کی اجازت کے لیے نئی درخواست دیدی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو مینار پاکستان پر جلسے کے انعقاد کے لیے ایک نئی درخواست جمع کرائی ہے، جس کے مطابق پی ٹی آئی پنجاب کے دارالحکومت میں 5 اکتوبر بروز ہفتہ ایک اور جلسہ منعقد کرنے کی خواہاں ہے۔
پی ٹی آئی رہنما شیخ امتیاز محمود، عالیہ حمزہ اور علی اعجاز بٹر نے وکیل سلمان ابوذرنیازی کے توسط سےڈپٹی کمشنر لاہور آفس میں درخواست جمع کراتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے، لہذا اسے بھی اقبال پارک مینار پاکستان پر جلسہ کی اجازت دی جائے۔
تحریک انصاف کی ڈپٹی کمشنر لاہور کو جمع کرائی گئی درخواست میں 5 اکتوبر کو مجوزہ جلسہ کے انعقاد کے ضمن میں نو آبجیکشن سرٹیفیکیٹ کے اجرا کی استدعا کی ہے، پارٹی رہنماؤں کے مطابق جلسہ گاہ کو مقررہ تاریخ سے 2 روز قبل پارٹی انتظامیہ کے حوالے کیا جائے تاکہ مینار پاکستان پر شام 5 بجے سے رات 11 بجے کے عرصہ کے لیے جلسہ کے انتظامات کیے جاسکیں۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے راولپنڈی میں جلسے کی اجازت کے لیے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو باقاعدہ درخواست دیتے ہوئے 28 ستمبر کو لیاقت باغ یا بھاٹہ چوک میں جلسہ منعقد کرنے کی اجازت طلب کی تھی، ڈپٹی کمشنر آفس نے پی ٹی آئی کے جلسے کی درخواست گزشتہ روز وصول کی تھی۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے 29 ستمبر کو میانوالی میں جلسے کا اعلان کیا تھا، تاہم گزشتہ روز عمران خان نے میانوالی جلسہ منسوخ کرتے ہوئے 28 ستمبر کو راولپنڈی میں جلسہ منعقد کرنے کا اعلان کردیا تھا۔

متعلقہ خبریں