آئی ایم ایف پیکیج کی منظوری، وزیراعظم کا معاشی ترقی کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کا عزم

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف نے 7 ارب ڈالر کے آئی ایم ایف پیکیج کی منظوری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاشی اصلاحات کا نفاذ تیزی سے جاری ہے، پاکستان کے معاشی استحکام کے بعد معاشی ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے یونہی محنت جاری رکھیں گے . بدھ کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری میں اضافہ خوش آئند اور معاشی ٹیم کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے، سفارتی محاذ پر کامیابیوں کے ساتھ ساتھ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے ترسیلات زر میں اضافہ ان کے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاسی ہے جس پر پاکستانی برادی کے شکر گزار ہیں .

انہوں نے کہا کہ اگر یونہی محنت جاری رہی تو یہ پاکستان کا آخری آئی ایم ایف پروگرام ہوگا . وزیراعظم نے آئی ایم ایف پیکیج کے حوالے سے معاونت فراہم کرنے والے دوست ممالک بالخصوص سعودی عرب، چین اور متحدہ عرب امارات ، منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا اور ان کی پوری ٹیم کا شکریہ کیا . وزیراعظم نے پوری حکومتی معاشی ٹیم، نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب ،آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، وزیرِ مملکت خزانہ علی پرویز ملک، پاکستان کے چین میں سفیر خلیل ہاشمی، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائیڈونگ، سیکرٹری خزانہ کا بھی اس حوالے سے کوششوں اور محنت پر شکریہ ادا کیا . انہوں نے تمام صوبائی حکومتوں بالخصوص وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی کا بھی شکریہ ادا کیا . واضح رہے کہ گزشتہ روز عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے لیے 7 ارب ڈالر کے بیل آؤٹ پیکج کی منظوری دی تھی . پاکستان کو 30 ستمبر تک 1.1 ارب ڈالر کی پہلی قسط ملنے کا امکان ہے، قرض پروگرام منظوری کے بعد دوسری قسط بھی اسی مالی سال آئے گی . . .

متعلقہ خبریں