شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 8 خوارجی دہشتگرد ہلاک


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں 8 خوارج دہشتگرد ہلاک ہوگئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، علاقے میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا، اس دوران سیکیورٹی فورسز کے جوانوں اور خوارج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 8 خوارج دہشتگرد جہنم واصل ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے جاری بیان کے مطابق، خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، مارے گئے خوارج دہشتگرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشتگردانہ کارروائیوں کے علاوہ بےگناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں موجود کسی بھی دہشتگرد کی موجودگی کے حوالے سے سرچ آپریشن کیا جارہا ہے، سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔