پی ٹی آئی مینار پاکستان جلسہ؛ لاہور ہائیکورٹ کا ڈی سی کو 30ستمبر تک فیصلہ کرنیکی ہدایت
لاہور(قدرت روزنامہ)مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت کے لیے لاہور ہائیکورٹ نے 30 ستمبر تک ڈی سی لاہور کو درخواست پر فیصلہ کرنے کی ہدایت کر دی۔
جسٹس فاروق حیدر نے پی ٹی آئی کے اکمل خان باری کی دائر درخواست پر سماعت کی۔ وکیل درخواست گزار نے دلائل میں کہا کہ مینار پاکستان پر جلسہ کرنے کی ہماری درخواست ڈی سی لاہور کے پاس زیر التوا ہے۔
عدالت نے سرکاری وکیل کو ہدایت کی کہ 30 ستمبر تک ڈی سی لاہور اس درخواست پر فیصلہ کرکے لاہور ہائیکورٹ کے ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کو اس حوالے سے رپورٹ جمع کروائیں۔
درخواست میں پنجاب حکومت اور ڈپٹی کمشنر لاہور سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔ درخواست گزار کا موقف تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سالگرہ پانچ اکتوبر کو ہے اس لیے پرامن جلسہ کرنا چاہتے ہیں، مینار پاکستان میں شام پانچ بجے سے لیکر رات دس بجے تک جلسہ کرنے کی اجازت دی جائے۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت پانچ اکتوبر کو جلسہ کرنے کی اجازت دینے کا حکم دے۔