سیاسی مقاصد کے لیے حکومت کو اپنا کندھا استعمال نہیں کرنے دیں گے، فضل الرحمان کی پی ٹی آئی کو یقین دہانی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف اور جمعیت علما اسلام (ف) نے مشترکہ طور پر آئینی ترمیم کا مسودہ تیار کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ اور مولانا فضل الرحمان نے پی ٹی آئی کو یقین دہانی کرائی ہے کہ جے یو آئی سیاسی مقاصد کے لیے حکومت کو اپنا کندھا استعمال نہیں کرنے دے گی۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان سے پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما سلمان اکرم راجا اور سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا کی ملاقات میں یہ اہم فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے رہنما معروف قانون دان سلمان اکرم راجا اور سینیٹر کامران مرتضیٰ مل کر آئینی ترمیم کا مسودہ تیار کریں گے۔
مولانا فضل الرحمان سے سلمان اکرم راجا اور صاحبزادہ حامد رضا کی ملاقات کے دوران سینیٹر کامران مرتضیٰ بھی موجود تھے۔
موجودہ صورتحال میں آئینی عدالت کا مقصد بدنیتی پر مبنی ہے، پی ٹی آئی وفد
ذرائع کے مطابق آئینی عدالت کے معاملے پر مولانا فضل الرحمان اور پی ٹی آئی وفد کے درمیان تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے وفد نے مولانا فضل الرحمان کو کہاکہ موجودہ صورتحال میں آئینی عدالت کا مقصد بدنیتی پر مبنی ہے اور حکومت چاہتی ہے کہ آئینی عدالت کے ذریعے پی ٹی آئی کو کریش کیا جائے۔
مولانا فضل الرحمان نے پی ٹی آئی کے وفد کو یقین دہانی کروائی کہ اس معاملے پر ہم اپنا کندھا استعمال نہیں ہونے دیں گے۔
پی ٹی آئی کے وفد نے مولانا فضل الرحمان کو کہاکہ اگر آپ آئینی عدالت کی تشکیل کے لیے رضا مند ہیں تو یہ ترمیم 2 ماہ بعد بھی کی جاسکتی ہے۔ موجودہ صورتحال میں آئینی عدالت کا مقصد تو فرد واحد کو نوازنا ہوگا۔
اپوزیشن کا جو بھی فیصلہ ہوگا متفقہ ہوگا، مولانا فضل الرحمان کی یقین دہانی
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے پی ٹی آئی کے وفد کو یقین دہانی کروائی کہ اپوزیشن کا جو بھی فیصلہ ہوگا متفقہ ہوگا اور ایسی کسی قسم کی آئینی ترمیم کی حمایت نہیں کی جائے گی جس کے پیچھے مقاصد کچھ اور ہوں گے۔
یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ فضل الرحمان کا ساتھ دیں گے، سلمان اکرم راجا
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے کہاکہ یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ فضل الرحمان آئینی ترمیم پر حکومت کا ساتھ دینے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمان آئینی ترمیم کی راہ میں رکاوٹ بنے، ہم آئین پر شبخون نہیں مارنے دیں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ پیپلزپارٹی اور ہم اپنا اپنا آئینی مسودہ تیار کریں گے، اور کوشش کی جائے گی کہ اتفاق رائے کیا جائے۔