بلوچستان میں گڈ گورننس کا قیام، عام بلوچستانی کا معیار زندگی بہتر کرنے کے لئے پرعزم ہیں، وزیراعلیٰ


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی جانب سے وفاقی وزیر سیفران و امور کشمیر انجینئر امیر مقام، گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل اسپیکر صوبائی اسمبلی عبدالخالق اچکزئی صوبائی وزراء اور اعلیٰ حکام کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا، وزیر اعلٰی ہاؤس کوئٹہ پہنچنے پر میر سرفراز بگٹی نے وفاقی وزیر امیر مقام کا پرتپاک استقبال کیا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلٰی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں اتحادی جماعتوں کو ساتھ لیکر چل رہے ہیں امن و امان، صحت، تعلیم اور ماحولیاتی تبدیلی اہم چیلنجز ہیں باہمی مشاورت سے بلوچستان کو درپیش مسائل کے حل کیلئے کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت میں شامل تمام جماعتوں میں مکمل اتفاق رائے پایا جاتا ہے، ہم سب کا مشن عوام کی بہتری اور فلاح و بہبود ہے وزیر اعلٰی نے کہا کہ بلوچستان میں گڈ گورننس کے قیام کے لئے کوشاں اور پسماندگی کا خاتمہ کرکے عام بلوچستانی کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے پرعزم ہیں اس مقصد کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کرکے موثر اقدامات پر عمل پیرا ہیں اس موقع پر وفاقی وزیر سیفران و امور کشمیر انجنئیر امیر مقام نے وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سربراہی میں بلوچستان عملی طور پر ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا وفاقی وزیر نے یقین دلایا کہ بلوچستان کے مسائل کے حل اور درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی۔