ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ جاری، ژالہ باری کا بھی امکان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسلام آباد اور گردونواح میں کل سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے جڑواں شہروں کا موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے اسلام آباد میں آج بھی آندھی اور جھکڑ چلنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری کی پیش گوئی کی ہے۔
گزشتہ روز راولپنڈی، اسلام آباد اور مضافات میں بعض مقامات پرموسلادھار بارش سے بعض مقامات پر سڑکیں اور گلیاں تالاب کی شکل اختیار کر گئیں جبکہ بعض علاقوں میں درخت گرنے کے واقعات بھی رونما ہوئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، خیبر پختونخوا، شمال مشرقی اور وسطی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آندھی و جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران بالائی خیبرپختونحوا، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد اور کشمیر میں چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، ملک کے دیگرعلاقوں میں آج موسم گرم اورمرطوب رہنے کا امکان ہے۔ گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش منگلا 49، راولپنڈی 16، جہلم 14، منڈی بہاؤالدین 8، مری 6 اور اسلام آباد میں 2 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
واضح رہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے 26 ستمبر سے یکم اکتوبر 2024 تک پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے متعدد علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے جبکہ سندھ کے کچھ علاقوں 26 ستمبر سے 28 ستمبر 2024 تک وقفے وقفے بارشیں متوقع ہیں۔