’بیٹے کا چالان کیوں کیا؟‘ ضلعی پولیس افسر کراچی ٹریفک پولیس اہلکار سے لڑ پڑا، ویڈیو وائرل


کراچی(قدرت روزنامہ)کراچی میں کلفٹن کے قریب 3تلوار پر چالان کرنے پر ضلعی پولیس اور ٹریفک پولیس افسران کا جھگڑا ہوگیا، جس کی ویڈیو بھی خوب وائرل ہوئی۔ جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ضلعی پولیس افسر کس طرح ٹریفک پولیس افسر کو دھکے دے رہا ہے۔
ٹریفک حکام کے مطابق کراچی کے علاقے کلفٹن میں یہ واقعہ پیش آیا، جس میں ضلعی پولیس افسر کے بیٹے کی گاڑی کو ٹریفک پولیس نے فینسی نمبر پلیٹ اور کالے شیشے پر روکا تھا، گاڑی کا چلان کرنے پر پولیس افسر اے ایس آئی گلزار موقع پر پہنچ گیا۔
ٹریفک حکام نے بتایا کہ ضلعی پولیس کے اے ایس آئی گلزار نےٹریفک اے ایس آئی سلمان ظفر سے چلان کرنے پربدتمیزی کی، جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، ویڈیو میں ضلعی پولیس افسر کی جانب سے ٹریفک پولیس افسر کو دھکے دیتے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو میں ٹریفک پولیس افسر سلمان ظفر کی وردی پر باڈی کیمرا بھی لگا دیکھا جا سکتا ہے، ٹریفک پولیس ساؤتھ کی جانب سے ٹریفک پولیس کے اعلیٰ افسران کو واقعہ سے متعلق آگاہ کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب ضلعی پولیس نے موقف اختیار کیا کہ واقعہ فرئیر تھانے کی حدود میں ہوا ہے، مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔