گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے خلاف 50 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ کس نے اور کیوں دائر کیا؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کے بھائی رکن قومی اسمبلی فیصل امین گنڈا پور نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور ان پر (فیصل امین) کرپشن کے الزامات لگانے پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے خلاف 50 کروڑ روپے ہرجانے کیس دائر کردیا ہے۔
فیصل امین گنڈا پور نے سیشن جج پشاور کی عدالت میں جمع کرائی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ علی امین گنڈا پور وزیراعلیٰ ہیں، گورنر فیصل کریم کنڈی نے ٹی وی شو میں ان پر جھوٹے الزامات لگائے ہیں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ گورنر نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی ساکھ کو اور عزت کو نقصان پہنچایا ہے جبکہ نجی چینل اور اس کے اینکر نے بھی علی امین کا مؤقف لینے کی کوشش نہیں کی۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ معافی مانگ کر 50 کروڑ روپے بطور ہرجانہ ادا کیے جائیں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ گورنر فیصل کریم کنڈی کو معافی مانگنے کے لیے لیگل نوٹس بھی بھیجا تھا،گورنر نے لیگل نوٹس کا کوئی جواب نہیں دیا اس لیے عدالت میں درخواست دائر کر رہے ہیں۔ درخواست میں نجی ٹی وی اور شو کے میزبان کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔