سیکیورٹی خدشات : راولپنڈی ڈویژن میں دفعہ 144 نافذ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پنجاب حکومت نے صوبائی محکمہ داخلہ کی شفارش پر راولپنڈی ڈویژن میں 2 دن کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق ہفتہ اور اتوار کو راولپنڈی ڈویژن میں ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، دھرنے، جلسے، مظاہرے، احتجاج اور اس قسم کی دوسری سرگرمیوں پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق راولپنڈی ڈویژن میں دفعہ 144 کے تحت اسلحہ کی نمائش پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے، تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان کو اس پابندی سے استثنیٰ ہوگا۔
حکم نامے کے مطابق راولپنڈی ڈویژن کے اضلاع راولپنڈی، اٹک، جہلم اور چکوال میں دفعہ 144 نافذ ہوگی، ضلعی انتظامیہ کی سفارش پر راولپنڈی اور اٹک میں رینجرز کی تعیناتی کے لیے بھی وفاقی وزارت داخلہ کو خط لکھا گیا ہے۔
خط کے مطابق راولپنڈی میں رینجرز کی 4 جبکہ اٹک میں 2 کمپنیاں تعینات کرنے کی سفارش کی گئی ہے،ضلعی انتظامیہ نے ہتھیاروں سے لیس شرپسند عناصر کی راولپنڈی آمد کے اندیشے کے پیشِ نظر دفعہ144 کے نفاذ کی سفارش کی تھی۔
حکومت پنجاب نے امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کے لیے دفعہ 144 نافذ کی ہے، رینجرز کی تعیناتی کے لیے وفاقی حکومت کو مراسلہ جاری کیا گیا جبکہ محکمہ داخلہ نے دفعہ 144کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔