بستہ گھر بھول آنے پر استاد کا طالبعلم پر وحشیانہ تشدد، کپڑے اتروا دیے


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بھارتی ریاست اترپردیش میں اسکول کے طالبعلم کو بدترین تشدد کا نشانہ بنانے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق علی گڑھ کے علاقے میں قائم اسکول کا طالبعلم بستہ گھر بھول آیا تو استاد نے اسے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا اور سزا کے طور پر کپڑے بھی اتروا دیے۔
میڈیا رپورٹس نے بتایا گیا ہے کہ استاد نے یہیں پر بس نہیں کی، بچے کو سزا کے طور پر بجلی کے جھٹکے بھی لگائے گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بچے نے گھر پہنچ کر والدین کو بتایا تو اس کی والدہ پولیس اسٹیشن پہنچ گئی اور شکایت درج کروائی، جس کے بعد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا۔
متاثرہ بچے کے خاندان کی جانب سے پولیس کو بتایا گیا ہے کہ پرائیویٹ اسکول کے استاد کی جانب سے بچے کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا، لیکن اسکول پرنسپل نے تمام الزامات کو غلط قرار دیدیا۔
اسکول پرنسپل کا موقف ہے کہ بچے کو بجلی کے جھٹکے لگانے کی خبر میں کوئی صداقت نہیں، ہم سی سی ٹی وی فوٹیج دکھانے کے لیے تیار ہیں۔
دوسری جانب لودھا پولیس اسٹیشن کے انچارج نے میڈیا کو بتایا کہ پولیس واقعے کی تحقیقات کررہی ہے، اور تحریری شکایت پر مقدمے کا اندراج کیا جائے گا۔