اسلام آباد

پی ٹی آئی کا احتجاج، راولپنڈی کے داخلی و خارجی راستے کنٹینرز بند


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے بانی چئیرمین عمران خان نے آج راولپنڈی میں لیاقت باغ کے باہر احتجاج کرنے کی کال دے رکھی ہے۔ اس سلسلے میں پی ٹی آئی نے اپنے کارکنان کو دوپہر 2 بجے لیاقت باغ کے باہر پہنچنے کی ہدایات کی ہیں تاہم راولپنڈی کو جانے والے راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا ہے۔
اسلام آباد ایکسپرس وے پر فیض آباد کے مقام پر کنٹینر لگا کر راستوں کو بند کیا گیا ہے جبکہ مری روڈ پر بھی جگہ جگہ رکاوٹیں لگا کر انتظامیہ نے لیاقت باغ جانے والے راستے بند کردیے ہیں۔ اسی طرح مری روڈ کے اطراف گلیوں کو بھی رکاوٹیں لگا کر بند کردیا گیا۔
موٹروے سے راولپنڈی آنے والی ٹریفک کو بھی رکاوٹیں لگا کر بند کیا گیا ہے جبکہ راولپنڈی صدر سے لیاقت باغ جانے والی سڑک پر بھی رات گئے رکاوٹیں کھڑی کردی گئی تھیں۔
خیبر پختونخوا سے آنے والے قافلے کی قیادت وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کر رہے ہیں
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے خیبر پختونخوا سے آنے والے قافلے کی قیادت وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ کی قیادت میں آنے والی ریلی میں کینٹینرز ہٹانے کے لیے ہیوی مشینری اور کرینز بھی موجود ہیں۔ خیبر پختونخوا کے قافلے کو روکنے کے لیے برہان انٹرچینج پر رکاوٹیں لگائی گئی ہیں۔
جی ٹی روڈ سے راولپنڈی آنے والی سڑک کو ٹیکسلا کے مقام رتہ شاہ پر کنٹینرز لگا کر راستے بند کردیے ہیں۔ روات سے راولپنڈی آنے والی سڑک کو بھی کنٹینرز لگا کر بند کیا گیا ہے۔ مری روڈ پر وارث خان، کمیٹی چوک اور مریڈ چوک پر کنٹینرز لگائے گئے ہیں۔ اسلام آباد ایکسپریس وے پر فیض آباد کھنہ پل، پی ڈبلیو ڈی اور روات پر کنٹینرز لگائے گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں